ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرکاری اسپتالوں میں دواؤں کی فراہمی کے طریقے پر وزیر صحت ناخوش

سرکاری اسپتالوں میں دواؤں کی فراہمی کے طریقے پر وزیر صحت ناخوش

Tue, 05 Jul 2016 10:50:26  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو4؍جولائی(ایس او نیوز) ریاستی وزیر صحت رمیش کمار نے ریاست کے ضلع اور تعلقہ اسپتالوں کو دواؤں کی فراہمی کے طریقۂ کار پر عدم اطمینان ظاہر کیا ہے۔ آج ریاستی کونسل میں وقفۂ سوالات کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر رمیش کمار نے اپنے طور پر بیان دیا اور کہاکہ دواؤں کی سربراہی کے نظام میں جامع تبدیلیاں درکار ہیں۔ محکمۂ صحت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد پچھلے دس دنوں میں انہوں نے اسپتالوں کو دواؤں کی فراہمی کا بغور جائزہ لیا ہے۔ اس فراہمی کا جو طریقۂ کار اپنایا گیا ہے وہ کسی درجہ پر مربوط نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ جلد بازی میں وہ محکمۂ صحت کو بہتر بنانے کیلئے نئے نئے اعلانات کرنے کے قائل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بارہا اعلانات کرنے اور ان کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام ہونے کی وجہ سے سیاست دان عوام کا اعتماد کھوتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محکمۂ صحت میں فنڈز کی کوئی قلت نہیں ہے، لیکن ان کی کوشش یہی ہوگی کہ ان فنڈز کا صحیح استعمال ہو اور سرکاری اسپتالوں پر عوام کا اعتماد مضبوط کیا جائے۔ ضلع تعلقہ اور ہوبلی سطح پر محکمۂ صحت کے افسران کو عوام سے رابطہ قائم رکھناچاہئے۔دواؤں کی جو ضرورت ہے اس کی بروقت فراہمی یقینی بنانی ہوگی۔ اس سے قبل بی جے پی کے وی سومنا کے ایک سوال کے جواب میں رمیش کمار نے سچائی سے کام لیتے ہوئے کہاکہ دس دن پہلے ہی انہوں نے اپنا قلمدان سنبھالا ہے ، اگر وہ ایوان میں جواب دینے کیلئے اصرار کرتے ہیں تو انہیں جھوٹ کہنا پڑے گا۔ اسی لئے فائلوں کا جائزہ لینے کے بعد اگلے ہفتے جواب دیں گے۔ رمیش کمار نے ایک اور سوال کے جواب میں کہاکہ آئندہ کوئی سرکاری ڈاکٹر نجی دواخانوں سے دواؤں کی خریداری کیلئے تجویز نہ کرے یہ یقینی بنایا جائے گا۔اسپتالوں کے دواخانوں میں موجود دواؤں کی فراہمی لازمی طور پر ہونی چاہئے ۔ چھٹیاں لکھا کر ڈاکٹروں سے دوائیں لینے کا سلسلہ ختم کیاجائے گا۔


Share: